پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری مثالی ہے:خواجہ آصف

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ یگانگت اور رواداری کے ساتھ رہ رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیالکوٹ کو عالمی سطح پر سکھ برادری کے لیے ایک بین الاقوامی مرکز کے طور پر ترقی دی جائے گی، کیونکہ اس مٹی پر ہر پاکستانی کا یکساں حق ہے۔

خواجہ آصف نے پاکستان کی مذہبی اور عدالتی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پہلے اسپیکر ایک ہندو تھے اور جسٹس کارنیلئس جیسے معزز چیف جسٹس ہمارے عدالتی نظام کا حصہ رہے ہیں، جن کی دیانت داری پر آج بھی کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب صبر و تحمل اور رواداری سکھاتا ہے، جو ہر معاشرے کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔

اقلیتوں کے حقوق اور مساوی مواقع

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں وقتاً فوقتاً متشدد واقعات پیش آتے ہیں، جو ملک کی بدقسمتی ہے۔ انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی اقلیتوں سے متعلق پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پہلا خطاب اقلیتوں کے مساوی حقوق کی ضمانت پر مبنی تھا۔ ملک میں کسی بھی شہری کے ساتھ مذہب اور نسل کی بنیاد پر تفریق نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پنجاب میں اقلیتی امور کا محکمہ غیر فعال تھا، لیکن وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی کاوشوں سے یہ محکمہ اب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ پنجاب حکومت کے اقلیتوں کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستان کو مذہبی منافرت سے پاک کریں گے

خواجہ آصف نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو مذہبی منافرت سے پاک کرنے کے لیے حکومت اور عوام کو مشترکہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں سکھاتا ہے کہ تمام اقلیتیں خوش و خرم رہیں اور ملک کی ترقی میں برابر کے شریک ہوں۔

Comments are closed.