ترقی امن سے مشروط ہے، رمضان المبارک میں فلسطینی عوام پر مظالم قابل مذمت ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) — وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں امن کے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ کابینہ میں توسیع کے بعد پہلے باضابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے نئے وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کو مبارکباد دی اور کہا کہ کابینہ کی کارکردگی نئے اراکین کی شمولیت سے مزید بہتر ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ترقی کی طرف تیزی سے قدم بڑھانے ہیں، شرح نمو میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور چاروں صوبوں کے عوام ہماری کارکردگی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آئی ایم ایف کا مشن اس وقت پاکستان میں موجود ہے جبکہ دوسری جانب دہشت گردی نے ایک بار پھر سرا اٹھایا ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ہے۔

> “جب تک ملک میں مکمل امن قائم نہیں ہوتا، ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔”

وزیراعظم نے افواج پاکستان اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں خوراک، ادویات اور انسانی امداد روکنے کی شدید مذمت کی۔

> “ہم اسرائیل کی طرف سے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی معطلی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ بجلی کی سپلائی منقطع کرنا اور پانی کی فراہمی محدود کرنا بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ایسے جابرانہ اقدامات ناقابل قبول ہیں جو عورتوں، بچوں اور بے گناہ فلسطینی عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے فوری اقدامات کرے اور اسرائیلی جارحیت کو روکے۔

Comments are closed.