شام اور لبنان کی سرحد پر کشیدگی، جھڑپوں میں شامی فوجی ہلاک

دمشق/بیروت: شام اور لبنان کی سرحد پر جاری حالیہ کشیدگی خطرناک صورت اختیار کر گئی ہے۔ تازہ جھڑپوں میں ایک شامی فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شامی فوج کے ٹھکانے کو گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا۔

لبنان میں العربیہ کے نمائندے کے مطابق، لبنانی فوج کی قیادت کی طرف سے احکامات جاری کیے گئے تھے کہ شام کی جانب سے کسی بھی کارروائی کا جواب اسی شدت سے دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق، حزب اللہ کے عناصر نے شام کے صوبے حمص کے علاقے زیتا میں شامی فوجی ٹھکانے پر راکٹ داغا جس کے نتیجے میں دو شامی فوجی ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب شامی فوج کو لبنان کی سرحد پر مکمل طور پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ سرحدی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔

جوابی کارروائی میں شام کے علاقے القصیر میں موجود شامی فوج نے توپ خانے کے ذریعے لبنان کے سرحدی علاقے الہرمل میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق اس کشیدگی کی وجہ حزب اللہ کی جانب سے شامی فوج کے تین اہلکاروں کو اغوا کر کے قتل کرنا ہے۔ شامی وزارتِ دفاع کے مطابق، حزب اللہ کے عناصر نے سرحد پار کر کے شامی وزارتِ داخلہ کے ماتحت تین جنگجوؤں کو قتل کیا اور ان کی لاشیں لبنان منتقل کر دیں۔

بعد ازاں لبنانی فوج نے صلیبِ احمر تنظیم کی مدد سے ان تینوں اہلکاروں کی لاشیں شام کے حوالے کر دیں۔

دوسری جانب حزب اللہ نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان شام سرحد پر ہونے والے واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اس کشیدگی نے خطے میں نئی جنگی فضا پیدا کر دی ہے اور ماہرین کے مطابق اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو یہ جھڑپیں بڑے تصادم میں تبدیل ہو سکتی ہیں۔

Comments are closed.