وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلسل محنت اور درست پالیسیوں کی بدولت پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کرلیا ہے، جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام کی بہتری کا عمل جاری ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو مسلمانوں نے ایک آزاد ریاست کے قیام کا جو عزم کیا تھا، وہ 14 اگست 1947 کو حقیقت میں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ قرار داد پاکستان ایک لازوال عہد کی روشن دستاویز ہے، اور آج ہم ایک خودمختار ملک اور آزاد قوم کے طور پر اپنی آزادی کا جشن منا رہے ہیں۔
پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی بہادری کو سلام
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے ہیروز ہیں جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے لیس ہماری مسلح افواج شوق شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں اور ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا رہی ہیں۔
پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت شہری ہر شعبہ زندگی میں محنت کرکے کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کی آئینی امور کی انجام دہی میں مصروفیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دیانت، لگن اور انتھک محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔
انہوں نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے عہد کیا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments are closed.