ریاض: سعودی عرب نے پاکستان سمیت 14 ممالک پر حج سیزن کے دوران عمرہ، بزنس اور فیملی ویزوں پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ پابندی حج انتظامات کو بہتر بنانے اور غیر ضروری رش سے بچاؤ کے لیے لگائی گئی ہے، جو جون کے وسط میں ختم ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، مصر، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا، اردن، الجزائر، سوڈان، ایتھوپیا، تیونس اور یمن شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں کو مخصوص مدت کے بعد سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
عمرہ ویزا رکھنے والے افراد 13 اپریل تک سعودی عرب میں داخل ہو سکتے ہیں، جبکہ سعودی حکومت نے پاکستان کو باضابطہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ پاکستانی عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 29 اپریل تک سعودی عرب سے وطن واپس روانہ ہو جائیں۔
سفارتی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ جو افراد اس ہدایت پر عمل نہیں کریں گے، انہیں مستقبل میں پانچ سال تک سعودی عرب کا ویزا حاصل کرنے میں پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ فیصلہ سعودی حکومت کے اس عمومی رجحان کا حصہ ہے جس میں حج سیزن کے دوران مخصوص ویزوں پر عارضی پابندیاں عائد کر کے حجاج کرام کو سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
Comments are closed.