وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز کی ملاقات، تعلیمی و معاشی تعاون پر اتفاق
انقرہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز سے ڈپلومیسی فورم 2025 کے دوران سائیڈ لائنز پر اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلیمی، معاشی، اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
نائب صدر جودت یلماز نے فورم میں شرکت پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں مشترکہ تعلیمی منصوبوں، ہنرمند افرادی قوت، گلوبل اسکل میپنگ، اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نائب صدر کو پنجاب میں تعلیم اور ہنر کی ترقی سے متعلق جاری منصوبوں سے آگاہ کیا اور انہیں پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا، “ترکیہ اور پاکستان دو بھائی ہیں، جن کے تعلقات عوامی محبت اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔”
ملاقات کے دوران مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ترکیہ کے نائب صدر کو نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مستقبل میں قریبی اشتراک کے نئے دروازے کھولنے کی جانب ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔
Comments are closed.