ویٹی کن سٹی – رومن کیتھولک چرچ کے 266ویں پوپ، پوپ فرانسس، 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ویٹی کن کے کیمرلینگو کارڈینل کیون فیرل نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پوپ فرانسس آج صبح 7:35 بجے، روم میں اپنے رہائش گاہ پر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
پوپ فرانسس، جن کا اصل نام جورج ماریو بیرگولیو تھا، پچھلے کئی مہینوں سے پھیپھڑوں کی بیماری اور نمونیا کا سامنا کر رہے تھے۔ اس کے باوجود، انہوں نے اپنی جسمانی کمزوری کو ایمان کی طاقت سے شکست دیتے ہوئے 20 اپریل 2025 کو ایسٹر اتوار کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں “اربے ایٹ اوربی” (Urbi et Orbi) دعا ادا کی، جو ان کی روحانی وابستگی اور عوام سے محبت کا ثبوت تھی۔
ویٹی کن کے مطابق، پوپ فرانسس کی آخری رسومات Basilica of Santa Maria Maggiore میں ادا کی جائیں گی، جیسا کہ انہوں نے اپنی وصیت میں ہدایت دی تھی۔ یہ وہ مقام ہے جس سے ان کو خاص لگاؤ تھا اور وہ اکثر وہاں عبادت کے لیے جایا کرتے تھے۔
ویٹی کن کی جانب سے جاری ایک جذباتی بیان میں کہا گیا ہے:
“پوپ فرانسس نے اپنی پوری زندگی خُداوند اور چرچ کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ وہ امن، عاجزی، اور خدمت کا مجسم نمونہ تھے۔ دنیا نے ایک عظیم روحانی راہنما کھو دیا ہے۔”
پوپ فرانسس 2013 میں پوپ منتخب ہوئے اور اپنے وقت کے دوران انہوں نے اصلاحات، سماجی انصاف، بین المذاہب ہم آہنگی، اور ماحولیاتی تحفظ پر زور دیا۔ وہ پہلے لاطینی امریکی اور یسوعی پس منظر رکھنے والے پوپ تھے جنہوں نے دنیا بھر میں لاکھوں افراد کے دلوں میں جگہ بنائی۔
Comments are closed.