پنجاب میں کسانوں پر سیاست برداشت نہیں کی جائے گی: عظمٰی بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمٰی بخاری نے ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت امن و امان کے قیام اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں حالات خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

عظمٰی بخاری نے بتایا کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا کسان ریلیف پیکیج وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کے لیے 109 ارب روپے کا امدادی پیکیج مختص کیا گیا ہے، جس کے تحت کاشتکاروں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلور ملز مالکان کو 25 فیصد گندم کی خریداری کا پابند بنایا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا جا سکے۔ مزید برآں، کاشتکاروں کو ہر فصل کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو 10 ارب روپے کی سبسڈی کے تحت 9500 ٹریکٹر دیئے جائیں گے۔ ٹیوب ویلز کو سولرائز کرنے کے لیے 8 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید آلات بھی خریدے جائیں گے۔

اعلیٰ پیداوار دینے والے کاشتکاروں کے لیے خصوصی انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ پہلے نمبر پر آنے والے کسان کو 85 ہارس پاور کا 45 لاکھ روپے مالیت کا مفت ٹریکٹر، دوسرے نمبر پر آنے والے کو 40 لاکھ کا 75 ہارس پاور ٹریکٹر، اور تیسرے نمبر پر آنے والے کو 35 لاکھ کا 60 ہارس پاور ٹریکٹر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ہر ضلع میں سب سے زیادہ گندم اگانے والے کسان کو 10 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے کاشتکاروں کے لیے اس قدر جامع اور عملی اقدامات کیے ہیں۔ گندم کی خریداری اور نقل و حمل کا مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Comments are closed.