اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمات کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے اہم انکشافات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکار کی جانب سے ان پر 25 نئے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ہندوستان میں مودی سرکار نے پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کر دیا ہے، جو نہرو اور ایوب خان کے درمیان طے پایا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے ہمارے بارڈر کے ساتھ فوجی اڈے بھی قائم کر رکھے ہیں، جس سے خطے میں تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
عمر ایوب نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام وزیراعظم شہباز شریف اور “آئی سی یو کے صدر” کے ساتھ نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں شکست کے بعد وزیراعظم نے عہدہ چھوڑ دیا تھا، آج بھی یہی تقاضا ہے کہ موجودہ حکمران مستعفی ہوں اور بانی پی ٹی آئی کو قیادت سونپیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ 8 جولائی 2024 کو دی گئی ایک بریفنگ کے مطابق پاکستان کا پانی بیچا گیا، اور 500 ارب روپے کا پٹرول سمگل ہو رہا ہے۔ عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ مسلح افواج قوم کے ساتھ کھڑی ہوں، کیونکہ قوم کی خواہشات سب پر عیاں ہیں۔
Comments are closed.