ایبٹ آباد میں پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خصوصی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا کی روایتی پروپیگنڈہ مہم پاکستان کی تاریخ اور قیام کے حقائق کو مسخ نہیں کر سکتی۔
جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں دو قومی نظریے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان زندگی کے تمام پہلوؤں میں ہندوؤں سے مختلف ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا مذہب، رسم و رواج، روایات، سوچ اور عزائم ہندوؤں سے بالکل الگ ہیں۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ دو قومی نظریہ برصغیر کے مسلمانوں کے جداگانہ تشخص کا ضامن تھا اور ہے، اور اسی نظریے کی بنیاد پر ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دے کر پاکستان حاصل کیا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا وجود دو قومی نظریے پر قائم ہے اور یہ نظریہ آج بھی ہماری قومی شناخت کی بنیاد ہے۔
انہوں نے اس موقع پر جوانوں کو مبارکباد دی اور ان کے جذبے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری قوم کے محافظ ہیں اور آپ کی محنت اور قربانیاں ہمارے ملک کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں۔
Comments are closed.