شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام، 54 دہشتگرد ہلاک: محسن نقوی

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کی بڑی دراندازی کی کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کو اس حملے سے متعلق پہلے سے اطلاعات موصول تھیں اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو تین اطراف سے گھیر کر نشانہ بنایا گیا۔

محسن نقوی کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جو کہ اب تک کی سب سے بڑی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام سیکیورٹی ادارے اس کامیاب آپریشن کے کریڈٹ کے مستحق ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے سخت لہجے میں کہا کہ جو بھی پاکستان کے خلاف سازش کرے گا، اسے کسی قسم کی معافی نہیں ملے گی۔ اگر دوبارہ کسی نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اسی طرح انجام دیا جائے گا۔

پہلگام واقعے پر بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں بھارت کی انکوائری پر کوئی اعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے منفی ہتھکنڈوں سے متعلق عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کر رہا ہے اور دستیاب شواہد دنیا کے سامنے پیش کیے جا رہے ہیں۔

محسن نقوی نے اپنی گفتگو میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن عناصر کو ہر محاذ پر شکست دی جائے گی۔

Comments are closed.