ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر کا اسرائیل کو سخت انتباہ: ایران کی جوہری صلاحیت پر حملے کے سنگین نتائج ہوں گے

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر ایڈمرل علی شمخانی نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کے اسرائیل کے لیے ایسے نتائج ہوں گے جو ان کے تصور سے بھی باہر ہیں۔

ایڈمرل شمخانی نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ نیتن یاہو کی دھمکیاں نہ صرف خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ خود اسرائیل کے وجود کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر سکتی ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا یہ دھمکیاں اسرائیل کی آزادانہ پالیسی کا نتیجہ ہیں یا سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کسی قسم کی ہم آہنگی کا حصہ ہیں تاکہ ایران کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کو متاثر کیا جا سکے۔

ایرانی رہنما نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور دفاعی صلاحیتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایڈمرل شمخانی کا یہ بیان ایران کی دفاعی حکمت عملی میں ایک مضبوط پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Comments are closed.