پی آئی اے کی پہلی حج پرواز کراچی سے مدینہ روانہ

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی حج پرواز پی کے 743 علی الصبح کراچی سے 397 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔ روانگی کے موقع پر پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے حاجیوں کو رخصت کیا۔

اس موقع پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سادہ مگر باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پی آئی اے حکام نے عازمین کو پھول اور تحائف پیش کیے۔ عازمین حج نے پی آئی اے کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اب تک مختلف شہروں سے 2500 سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جا چکا ہے۔ اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے پی آئی اے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیاروں کا استعمال کر رہی ہے۔

کراچی سے کل 7200 سے زائد عازمین کو 39 خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ حج آپریشن کے پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ منورہ جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ روانہ ہوں گی۔

مجموعی طور پر پی آئی اے 35,200 سرکاری عازمین کو 117 خصوصی حج پروازوں کے ذریعے سعودی عرب لے جائے گی۔ یہ پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سے روانہ کی جا رہی ہیں۔

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی 2025 تک جاری رہے گا، جبکہ بعد از حج آپریشن جولائی میں شروع ہو گا۔

Comments are closed.