اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے جانب سے تجارتی پابندیوں کے جواب میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی پرچم بردار بحری جہازوں کے پاکستانی بندرگاہوں میں داخلے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
وزارت بحری امور کی جانب سے جاری کیے گئے باضابطہ حکم نامے کے مطابق، اب کوئی بھی بھارتی پرچم بردار بحری جہاز کسی پاکستانی بندرگاہ پر لنگر انداز نہیں ہو سکے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ فیصلہ دوطرفہ تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور بھارت کی جانب سے پاکستان پر تجارتی بندشوں کے بعد کیا گیا ہے۔ حکم نامے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کوئی بھی پاکستانی پرچم بردار بحری جہاز آئندہ بھارت کی کسی بندرگاہ کا رخ نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ بھارت نے چند روز قبل پاکستان سے براہ راست اور بالواسطہ تمام درآمدات پر مکمل پابندی عائد کی تھی، حتیٰ کہ پاکستانی خطوط اور پارسلز کی ترسیل تک پر بھی روک لگا دی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ کسی بھی پاکستانی پرچم بردار جہاز کو بھارتی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید متاثر کر سکتے ہیں، تاہم پاکستان کے اس فیصلے کو ملکی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے ضروری قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.