اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ’معرکہ حق‘ میں وطن عزیز کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ دونوں قائدین نے اپنے الگ الگ بیانات میں افواج پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور بھارتی جارحیت کے خلاف قوم کے اتحاد و عزم کا اعادہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے بھارتی بلااشتعال حملوں میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور پاک فضائیہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے، جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے آپریشن “بنیان المرصوص” کو دشمن کے غرور کو توڑنے والا اقدام قرار دیا اور کہا کہ بھارتی حملوں نے پاکستانی قوم کو مزید متحد کر دیا ہے۔ صدر مملکت نے بچوں اور خواتین سمیت بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے جانباز سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسران و جوانوں نے ملک کے دفاع کا وعدہ پورا کیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
انہوں نے بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے 15 بچوں، 7 خواتین اور دیگر معصوم شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آپریشن “بنیان المرصوص” نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کو یہ پیغام دیا کہ خطے کے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا سیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں، لیکن کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
Comments are closed.