گوجرانوالہ: آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے گوجرانوالہ کنٹونمنٹ کا اہم دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے، جبکہ کور کمانڈر گوجرانوالہ اور منگلا بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران صدر مملکت کو پاک فوج کی آپریشنل تیاری، جنگی حکمت عملی اور حالیہ معرکہ “بُنیان مرصوص” کی کامیاب تکمیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صدر آصف علی زرداری نے اس کامیاب آپریشن میں پاک فوج کی غیر معمولی حکمت عملی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ بلااشتعال بھارتی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کا غیر متزلزل عزم، قومی اتحاد اور آپریشنل ذہانت قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب اور ہمارے لیے ایک مقدس امانت ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے بہادر سپاہیوں کو عزت و وقار کی علامت سمجھتے ہیں، جو ہر چیلنج کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے چند گھنٹوں کے اندر دشمن کی جارحیت کو بے مثال عزم اور درستگی سے پسپا کر کے دنیا کو پاکستان کی طاقت، لچک اور اتحاد کا پیغام دیا۔
افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے ان کے حوصلے، جذبے، تیاری اور فرض شناسی کو سراہا اور “آپریشن بُنیان مرصوص” کی کامیاب تکمیل پر دلی مبارکباد پیش کی۔
Comments are closed.