فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا عشائیہ: معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں قومی استقامت کو خراج تحسین

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے دیے گئے ایک اہم عشائیہ میں معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران سیاسی و عسکری قیادت کے اتحاد، استقامت اور عوامی جذبے کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔ عشائیے کا مقصد حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران قوم کے مختلف طبقات کے درمیان یکجہتی اور ہم آہنگی کو سراہنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس باوقار تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزراء، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، اعلیٰ سرکاری حکام، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اور سیاسی جماعتوں کے سینیئر رہنما شریک ہوئے۔

فوج، قیادت اور عوام کی یکجہتی کی تعریف

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عشائیہ سے گفتگو میں سیاسی قیادت کی جانب سے قومی مفادات کے تحفظ میں دکھائی گئی سٹریٹجک بلوغت کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ کامیابیوں، نظم و ضبط، اور بلا تعطل خدمات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے چلائی گئی ڈس انفارمیشن مہم کے خلاف پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا نے “فولادی دیوار” کا کردار ادا کیا، جس پر وہ قابل تحسین ہیں۔

سائنسدان، انجینئرز اور سفارت کاروں کو بھی سراہا گیا

فیلڈ مارشل نے پاکستانی سائنسدانوں، انجینئرز اور سفارت کاروں کی قومی خدمت پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ماہرین کی عزم و ہمت نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران قومی وقار اور خوداعتمادی کو کمزور نہیں ہونے دیا۔

قومی یکجہتی کا دن

تقریب کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں نئی طاقت، قومی ہم آہنگی اور اجتماعی عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔

Comments are closed.