ریاست ماں ہے، بچوں کو اکیلا نہیں چھوڑے گی: مریم نواز کا پیغام

لیہ میں ہونہار طلبہ میں اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعدد اہم اعلانات کیے اور نوجوانوں کو تعلیمی میدان میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ لیہ میں میڈیکل کالج کی تعمیر کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے گا تاکہ اس پسماندہ علاقے کے طلبہ کو میڈیکل تعلیم کی سہولت ان کے اپنے شہر میں ہی میسر ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ کوئی بھی بچہ تعلیم اور ٹیکنالوجی سے محروم نہ رہے۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ ان کا پہلا سال ہے اور وقت کے ساتھ مزید بہتری لانے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شکریہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ جو سہولتیں دی جارہی ہیں وہ ان کا حق ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ 30 ہزار اسکالرشپس کو بڑھا کر 50 ہزار کر دیا گیا ہے، جبکہ لیپ ٹاپ اسکیم میں سالانہ تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں نوجوان خودمختار ہوں اور کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلائیں۔

انہوں نے ریاست کو “ماں” سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست ماں بننے میں ناکام ہو جائے تو یہ اس کی ناکامی ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنے پاس موجود ہر چیز عوام کے لیے نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے لیہ اور ڈی جی خان کے عوام سے ملنے والی محبت کا خاص طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقے ان کے دل کے بہت قریب ہیں۔ انہوں نے لاہور میں بنائے گئے پاکستان کے پہلے سرکاری پری اسکول کا ذکر کیا جو معیار میں کسی بھی نجی اسکول سے بہتر ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس سال محکمہ تعلیم کے لیے 110 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، پنجاب میں موجود 50 ہزار اسکولوں کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ لیہ اور ڈی جی خان یونیورسٹیز کے لیے ڈیڑھ، ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مہنگائی، روزمرہ ضروریات اور عوامی مسائل پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جو عوام کے مسائل کا ادراک رکھتا ہے، وہی حقیقی ہمدرد ہے، جبکہ نفرت پھیلانے والے قوم کے دشمن ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک کے دفاع میں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں اور افراد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جو وردی کو جلانے کے مرتکب ہوئے وہ قومی وقار کو مجروح کرنے کے مجرم ہیں، لیکن آج وہی وردی پہنے جوان قوم کی سرحدوں پر جانیں قربان کر رہے ہیں۔

انہوں نے 10 مئی کے واقعات کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ اس دن ثابت ہو گیا کہ کون ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور کون اس کے خلاف۔ انہوں نے 9 مئی اور 28 مئی کا تقابلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا نواز شریف تھا، جبکہ 10 مئی کو عوام نے ثابت کیا کہ وہ ملک کے وفادار ہیں۔

مریم نواز نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ کسی بھی منفی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔ “موٹروے، دفاعی تنصیبات، سڑکیں سب آپ کی اپنی ہیں، انہیں نقصان نہ پہنچائیں۔”

اختتامی کلمات میں وزیراعلیٰ نے بچوں کو سیسہ پلائی دیوار بننے کا پیغام دیا اور کہا کہ متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔

Comments are closed.