سمبڑیال (نامہ نگار) – حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی الیکشن 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی۔ ریٹرننگ افسر نے ان کی کامیابی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حنا ارشد وڑائچ نے 78,702 ووٹ لے کر واضح برتری حاصل کی، جب کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39,018 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6,832 ووٹ حاصل کیے جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے محمد شفاقت 4,851 ووٹ حاصل کر سکے۔
یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جس پر ان کی صاحبزادی حنا ارشد وڑائچ کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا۔
جیت کے بعد حنا ارشد وڑائچ نے اپنی کامیابی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد چودھری ارشد وڑائچ کے نام کر دی۔ اس موقع پر ان کے گھر پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور آتش بازی کی گئی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی امیدوار فاخر نشاط گھمن نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولنگ مکمل ہونے سے قبل ہی فارم 45 تیار کر لیے گئے، اور اس بار دھاندلی کا نیا طریقہ اپنایا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی کے پاس ثبوت موجود ہیں تو فراہم کیے جائیں، جس پر صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات اور بعض پولنگ سٹیشنز کو بند کرنے کی خبروں کو بھی جھوٹ اور گمراہ کن قرار دیا۔
Comments are closed.