پاکستان کا بھارت کے اشتعال انگیز بیانات پر شدید ردعمل: “امن نہیں، دشمنی کو ترجیح دی جا رہی ہے”

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) – دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیانات کو شدید تشویش کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیانات بھارت کی اس ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں جو امن کے بجائے دشمنی کو ترجیح دیتی ہے۔

بھارتی رہنماؤں اور وزارت خارجہ کے ترجمان کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہرانا حقیقت کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے جارحانہ رویے اور غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں سے بخوبی واقف ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ بھارت خود پاکستان کے اندر دہشت گردی کو ہوا دیتا ہے، اور اس کی دہشتگردی سے متعلق سرگرمیوں کو کسی بھی طرح کے بیانیے یا ہتھکنڈوں سے چھپایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اور اس مسئلے کو مسلسل نظر انداز کرنا جنوبی ایشیا کو بداعتمادی اور ممکنہ تصادم کی طرف دھکیل رہا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کا حامی ہے اور اس موقف پر ہمیشہ قائم رہے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت دھمکیوں اور غلط بیانی سے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جو علاقائی استحکام، بات چیت اور تعمیری روابط کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم، پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ تمام فریق سنجیدگی، تحمل اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کے حل کی طرف پیش قدمی کریں۔

Comments are closed.