معاشی اشاریے حکومتی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد – وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے میں جاری اصلاحات، شفافیت، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ایف بی آر میں کی جانے والی مختلف اصلاحات، فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم، اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (PRAL) میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ان اصلاحات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے لیے عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت تمام شعبوں میں ادارہ جاتی اصلاحات کو تیز رفتاری سے آگے بڑھا رہی ہے۔ کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کا قیام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے موجودہ معاشی اشاریوں کو حکومتی پالیسیوں کی درست سمت قرار دیا اور کہا کہ اس عمل کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔

وزیراعظم نے فیس لیس کسٹمز اسیسمنٹ سسٹم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام نے نہ صرف محصولات میں اضافہ کیا ہے بلکہ کسٹمز کلیئرنس کے وقت میں بھی نمایاں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ادارے کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے اور شفافیت کو برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ میں بھی اصلاحاتی اقدامات بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ عوامی سہولت کے لیے جلد ہی آسان اور ڈیجیٹل ٹیکس ریٹرن نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جو کہ اردو سمیت مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا تاکہ عوام کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’ہم ان اصلاحات کے تسلسل اور نتیجہ خیزی سے ان شاءاللہ پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنائیں گے۔‘‘

Comments are closed.