عمران خان بطور پیٹرن انچیف احتجاجی تحریک کی قیادت کریں گے، گوہر خان

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے اعلان کیا ہے کہ عمران خان اب پارٹی کے پیٹرن انچیف ہوں گے اور آئندہ احتجاجی تحریک کی قیادت خود کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے لیے تمام سیاسی دروازے بند کر دیے گئے ہیں اور اب احتجاجی تحریک ہی واحد راستہ ہے۔ عمران خان نے واضح کیا کہ اس بار اسلام آباد کی کال دینے کے بجائے ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

گوہر خان کا کہنا تھا کہ بانی نے کہا ہے کہ وہ خود احتجاج کی قیادت کریں گے اور اس حوالے سے تمام ہدایات عمر ایوب کو دی جائیں گی۔ تاہم ابھی تک احتجاج کے لیے کوئی وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی نے عندیہ دیا کہ وقت کا اعلان وہ خود کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی خبروں کو افواہ قرار دیا اور کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے پیٹرن انچیف ہوں گے، جبکہ گوہر خان بطور چیئرمین پارٹی کی قیادت جاری رکھیں گے۔ بانی نے پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ جنہوں نے قربانیاں دی ہیں، انہیں مکمل اعتماد حاصل ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس بار احتجاج کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور کو نہیں دی جائے گی، بلکہ مختلف افراد کو مختلف ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

گوہر خان کے مطابق، بانی نے سمبڑیال الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بات چیت کا دروازہ ہمیشہ کھلا رکھا، لیکن موجودہ حالات میں انہیں احتجاج کے سوا کوئی اور راستہ نہیں دکھائی دیتا۔ انہوں نے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے امکان کو بھی رد نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر عدالتوں کے فیصلوں میں تاخیر ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کامن سینس کو اپنایا جائے اور مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ تاہم فی الوقت کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔

Comments are closed.