اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ہے۔
کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے کی۔ پولیس نے ملزم کو سخت سیکیورٹی میں چہرہ ڈھانپ کر عدالت میں پیش کیا، جہاں پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ اور شناخت پریڈ کی استدعا کی گئی۔
پراسیکیوشن کی غیر موجودگی پر عدالت برہم
سماعت کے آغاز پر جب پراسیکیوٹرز عدالت میں موجود نہ تھے، تو مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“میری عدالت کے پراسیکیوٹر کہاں ہیں؟ ویسے تو یہ آتے نہیں، آج سب آ گئے ہیں!”
انہوں نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر کو عدالت طلب کرنے کی ہدایت جاری کی۔
ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ پراسیکیوٹر چھٹی پر ہیں، جس پر عدالت نے واضح کیا کہ:
“جب تک ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نہیں آتا، کیس آگے نہیں بڑھے گا۔”
عدالت کا تحریری حکم نامہ جاری
پراسیکیوشن کی عدم موجودگی کے باعث عدالت نے مختصر وقفہ کیا، جس کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی۔ سماعت مکمل ہونے پر عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
شناخت پریڈ اور مزید ہدایات
عدالت نے حکم دیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی جائے کہ شناخت پریڈ کے دوران ملزم کی کسی سے ملاقات نہ ہو۔
ساتھ ہی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ 18 جون سے قبل شناخت پریڈ کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل نے سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے، اور عوام اس کیس کے فوری اور شفاف انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
Comments are closed.