اسلام آباد: عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے ٹیلیفون پر رابطے کیے، مبارکباد پیش کی اور قومی ہم آہنگی کے جذبے کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی۔ چاروں وزرائے اعلیٰ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بھی نیک تمناؤں سے نوازا۔
اسی سلسلے میں وزیراعظم نے چاروں صوبوں کے گورنروں کو بھی فون کیا اور عید کی خوشیوں میں شریک کیا۔ اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی سے بھی عید کی مناسبت سے بات چیت کی گئی۔ تمام رہنماؤں نے وزیراعظم کی کال کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھی ٹیلیفون کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان عید کی مبارکباد کے تبادلے کے ساتھ ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم قومی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ صدر مملکت نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا یہ اقدام قومی قیادت کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کی ایک اہم کاوش قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.