سٹاک مارکیٹ کی تاریخی بلندی ، بجٹ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد خوش آئند ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیرمعمولی تیزی اور ہنڈرڈ انڈیکس کے ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرمایہ کاروں اور کاروباری طبقے کا عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رواں بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا، جبکہ تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات سے نوکری پیشہ طبقے کو حقیقی ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان کی معیشت ترقی کے سفر پر گامزن ہے، جس میں عوام کی قربانیوں کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے مزید محنت کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، ترسیلات زر اور برآمدات میں بہتری جیسے عوامل معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر معاشی استحکام کی طرف لے جانا اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ایک معجزہ ہے۔ وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے قومی مفادات کو مقدم رکھا اور یہی جذبہ اس معاشی کامیابی کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ معاشی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا، کیونکہ یہ نہ صرف اعداد و شمار میں بہتری ہے بلکہ اعتماد، استحکام اور ترقی کی جانب ایک نئے عہد کا آغاز بھی ہے۔

Comments are closed.