وفاقی بجٹ 2025: 4 ہزار ٹیرف لائنز پر کسٹم ڈیوٹی ختم، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ میں 4 ہزار ٹیرف لائنز پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے تاکہ برآمدات کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے اس اقدام کو 30 سال بعد سب سے بڑی ٹیرف اصلاحات قرار دیا۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ مجموعی طور پر 7 ہزار ٹیرف لائنز میں سے 4 ہزار پر ڈیوٹی کا خاتمہ کیا گیا ہے، اور مستقبل میں اس میں مزید کمی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیرف سسٹم میں 4 فیصد مجموعی کٹوتی کی جائے گی، جو کہ ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو جتنا ممکن ہو ریلیف دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اور میری مشترکہ خواہش تھی کہ اس طبقے کو سہولت دی جائے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پنشن اور تنخواہوں کو مہنگائی سے منسلک کیا جا رہا ہے، تاکہ حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت جو کچھ دے رہی ہے وہ قرضے لے کر دے رہی ہے، اس لیے مالی گنجائش میں رہتے ہوئے فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم سے کم اجرت کو موجودہ سطح پر برقرار رکھا گیا ہے۔
وزراء اور پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں میں اضافے کے سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ آخری بار 2016 میں تنخواہیں بڑھائی گئی تھیں، اور ہر سال اضافہ ہوتا تو اچانک اضافے کا تاثر نہ ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے، اور اس سال انفورسمنٹ کے ذریعے 400 ارب روپے سے زائد ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قانون سازی کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو وسعت دیں گے تاکہ نظام میں لیکج روکی جا سکے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ زرعی شعبے پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ پنشن سے متعلق بھی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال ٹیکسز اور جی ڈی پی کی شرح 10.3 فیصد ہے، جو آئندہ سال 10.9 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ 22 کھرب روپے کے ریونیو ہدف میں صرف 312 ارب روپے کے اضافی ٹیکس شامل ہیں، باقی تمام اضافہ خودکار نظام اور بہتر نفاذ کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے پارلیمان سے درخواست کی کہ وہ ٹیکس قوانین میں ترامیم منظور کرے تاکہ اضافی مالی اقدامات نہ اٹھانے پڑیں۔
Comments are closed.