سپین،سانتوس سیر دان کی کرپشن رپورٹ پر وزیراعظم سانچیز کی قوم سے معذرت

میڈرڈ، اسپین کے وزیراعظم اور سوشلسٹ ورکرز پارٹی (PSOE) کے سیکرٹری جنرل پیدرو سانچیز نے جمعرات کے روز پارٹی کے مرکزی دفتر سے خطاب کرتے ہوئے ملک کی عوام سے معافی مانگ لی ہے۔ ان کا یہ اقدام گواردیا سول کی انسداد بدعنوانی یونٹ (UCO) کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں سوشلسٹ پارٹی کے تنظیمی سیکرٹری سانتوس سیر دان پر غیر قانونی کمیشن وصول کرنے اور سرکاری ٹھیکوں کی غیر قانونی منظوری کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سانچیز نے کہا:”میں آج پوری ہسپانوی قوم سے معذرت چاہتا ہوں۔ میں گزشتہ دنوں تک سانتوس سیر دان کی ایمانداری اور کردار پر پختہ یقین رکھتا تھا، لیکن آج UCO کی رپورٹ نے مجھے مایوس کیا ہے۔

سانچیز نے وضاحت کی کہ انہیں اس رپورٹ کے مواد کا علم آج ہی ہوا ہے اور جیسے ہی انہوں نے تفصیلات جانیں، پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ فوری مشاورت کے بعد سیر دان کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا۔

وزیراعظم سانچیز نے اپنے بیان میں اس امر پر زور دیا کہ سوشلسٹ پارٹی کسی بھی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کرے گی۔ ہم قانون، شفافیت اور اداروں پر اعتماد رکھتے ہیں، اور یہی اصول ہماری سیاست کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان پر اور ان کی حکومت پر اپوزیشن کی طرف سے مسلسل سیاسی حملے ہو رہے ہیں، لیکن وہ ان الزامات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جن کے “ٹھوس شواہد” موجود ہوں۔

سانتوس سیر دان کے استعفیٰ کے بعد ہسپانوی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ یاد رہے کہ سیر دان وزیراعظم پیدرو سانچیز کے قریبی ساتھی تھے اور پارٹی کے اندر اہم فیصلوں میں ان کا کلیدی کردار رہا ہے۔ اس سے قبل خوسے لویس آبالوس کو بھی ایک کرپشن کیس کے بعد پارٹی سے نکالا جا چکا ہے۔

اس معاملے نے وزیراعظم سانچیز کی حکومت کو ایک نئے سیاسی بحران سے دوچار کر دیا ہے، جہاں عوامی اعتماد، اپوزیشن کا دباؤ اور پارٹی کے اندرونی اختلافات سب ایک ساتھ سر اٹھا رہے ہیں۔

بڑھتے سیاسی دباؤ کے باوجود، وزیراعظم سانچیز نے کسی بھی قبل از وقت الیکشن کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ:

“انتخابات 2027 میں ہی ہوں گے۔ یہ وقت ملک میں استحکام کا ہے، نہ کہ سیاسی فائدے اٹھانے کا۔”

انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کا مقصد محض اقتدار میں رہنا نہیں بلکہ اسپین کے لیے مثبت سیاسی و سماجی نتائج پیدا کرنا ہے۔

Comments are closed.