ایران کی جوابی کارروائی، اسرائیل پر 100 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے، “وعدہ صادق3” آپریشن کا آغاز

ایران نے اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ہفتے کے روز 100 سے زائد بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغ دیے، جس کے نتیجے میں تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق، ایران نے اس فوجی کارروائی کو “وعدہ صادق3” کا نام دیا ہے۔ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے بیلسٹک میزائلوں نے اسرائیل کے کم از کم پانچ اہم مقامات کو نشانہ بنایا، جہاں شدید تباہی کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی میڈیا نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل بھر میں خطرے کے سائرن بج رہے ہیں اور عوام کو تا حکمِ ثانی محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے بتایا ہے کہ ابھی تک 7 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اس ہنگامی صورتحال میں ملک بھر کی سکیورٹی کو الرٹ کر دیا ہے، جبکہ قریبی ممالک، خصوصاً اردن میں بھی خطرے کے سائرن بجائے جا چکے ہیں، اور شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

ادھر ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم نے اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دو اسرائیلی جنگی طیارے مار گرائے گئے ہیں، جب کہ ایک صہیونی خاتون پائلٹ کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

یہ حملہ اسرائیلی کارروائی “Operation Rising Lion” کے جواب میں کیا گیا ہے، جس میں اسرائیل نے ایران کی جوہری تنصیبات، فوجی کمانڈرز، اور میزائل فیکٹریوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس جنگی صورتحال نے خطے میں کشیدگی کو انتہائی خطرناک سطح تک پہنچا دیا ہے۔

خطے میں عالمی برادری کی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس متوقع ہے۔

Comments are closed.