اسرائیل نے جنگ کا آغاز کر دیا ہے، ہم اسے نتائج سے نہیں بچنے دیں گے” —سید علی خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے جنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اور تہران اسے بغیر نتائج کے “ہٹ اینڈ رن” کارروائیاں کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر کیے گئے ٹیلی ویژن خطاب میں علی خامنہ ای نے واضح انداز میں کہا:

> “اسرائیل نے جو بڑی غلطی کی ہے، وہ اس کی تباہی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے جنگ شروع کی ہے اور یہ جنگ اب ختم نہیں ہوئی بلکہ ابھی شروع ہوئی ہے۔ ہم انہیں اس سنگین جرم کا حساب ضرور چکائیں گے۔”

سپریم لیڈر نے کہا کہ جمعہ کی صبح سویرے اسرائیل کی جانب سے ایران پر کی جانے والی بمباری میں فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سینئر کمانڈر اور سائنسدان شہید ہوئے۔ اس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کے تحت “وعدہ صادق 3” آپریشن کا آغاز کیا، جس میں تل ابیب سمیت اسرائیل کے کئی مقامات کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

علی خامنہ ای نے کہا کہ ایرانی فوج اور قیادت مکمل طور پر تیار ہے اور یہ تصور کرنا کہ یہ معاملہ ختم ہو گیا ہے، دشمن کی خام خیالی ہے۔

> “یہ معاملہ ختم نہیں ہوا، بلکہ انہوں نے ایک نئی جنگ کا آغاز کیا ہے۔ ہم خاموش نہیں رہیں گے۔”

سپریم لیڈر کے اس بیان نے واضح کر دیا ہے کہ خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے اور ایران کسی بھی سطح پر پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔

Comments are closed.