وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کی گرے لسٹ میں شامل نہیں کیا گیا، جو ملک کے لیے ایک بڑی سفارتی فتح ہے۔
خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل کوآپریشن ریویو گروپ (ICRG) کے حالیہ اجلاس میں پاکستان سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے مطابق پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنے کا اعلان ہوا۔
چین، ترکی اور جاپان کی پاکستان کی حمایت
وزیر دفاع نے کہا کہ اجلاس کے دوران چین نے واضح طور پر پاکستان کے لیے ریلیف کی حمایت کی، جبکہ ترکی نے بھی چین کے موقف کی توثیق کی۔ اس کے ساتھ ساتھ جاپان، جو کہ ایشیا پیسیفک گروپ کا شریک چیئرمین ہے، نے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی۔
پاکستان نے FATF کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر حقیقت پسندی سے جائزہ لیا جائے تو پاکستان اب تک FATF کی تمام ضروریات اور تکنیکی شرائط کو مکمل طور پر پورا کر چکا ہے۔ لہٰذا اب پاکستان کے کسی بھی فہرست (لسٹ) میں شامل رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں بچتا۔
بھارت اور اسرائیل کی ناکام کوششیں
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت اور اسرائیل نے سازشوں کے تحت پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کرانے کی بھرپور کوششیں کیں، لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی سفارتی کوششوں، دوست ممالک کی حمایت اور FATF اصلاحات پر سنجیدہ عملدرآمد کی بدولت یہ سازش ناکام ہو گئی۔
Comments are closed.