لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر سطح پر شکست دینا اب وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر نہ صرف معاشروں میں تقسیم اور انتشار کو ہوا دیتی ہیں بلکہ یہ رویے پوری انسانیت کے ضمیر پر حملہ تصور کیے جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ نفرت کی سب سے خطرناک شکل ’’اسلاموفوبیا‘‘ ہے، جس کے تحت مسلمانوں کو ان کی شناخت، مذہبی عبادت گاہوں حتیٰ کہ گھروں تک میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ رجحان نہ صرف عالمی امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ مختلف قوموں اور مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ بھی ہے۔
مریم نواز شریف نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آزادی اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ کرے اور ان عناصر کے خلاف عملی و مؤثر اقدامات اٹھائے جو معاشروں میں نفرت اور انتشار پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی کو بھی نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں محبت، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ حاصل ہو، تاکہ ایک پرامن، متحد اور مضبوط قوم ابھرے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ پیغام دنیا کو یہ باور کرانے کے لیے تھا کہ پاکستان نفرت کے خلاف کھڑا ہے اور انسانیت، امن اور رواداری کے اصولوں کو ہر سطح پر فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
Comments are closed.