اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے فوری اور دوٹوک اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسرائیلی مظالم کو روکا جا سکے اور انسانی جانیں بچائی جا سکیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
> “غزہ میں انسانی امداد پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔ غزہ کے شہری ایک چھوٹے سے علاقے میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور بار بار نقل مکانی پر مجبور ہیں۔”
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ فلسطین میں ہر گزرتے دن کے ساتھ غذائی قلت میں اضافہ ہو رہا ہے، اور صورتحال ایک انسانی المیے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ایک اعلیٰ سطح بین الاقوامی امن کانفرنس جلد از جلد بلائی جائے۔
مندوب پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ اگر عالمی برادری واقعی پائیدار اور منصفانہ حل کی خواہاں ہے تو سلامتی کونسل کو مزید تاخیر کے بغیر فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کے قیام کے بعد سے سب سے پرانا حل طلب تنازع ہے، جس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکے ہیں۔
Comments are closed.