پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت کئی شہروں میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلے کے جھٹکے قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، مریدکے، کامونکے اور ننکانہ صاحب سمیت متعدد شہروں میں محسوس کیے گئے۔ شہری گھبراہٹ میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا تاہم جھٹکوں کی شدت اتنی تھی کہ عمارتیں لرز گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زلزلے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت شہر بھر میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عمارتوں کی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے ریسکیو مشینری اور عملہ مکمل تیار ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں کراچی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے ہیں، تاہم پنجاب میں اس نوعیت کی زلزلہ خیزی نسبتاً کم دیکھی گئی ہے۔ تازہ جھٹکوں نے شہریوں میں تشویش کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔
Comments are closed.