فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دیں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

بلوچستان میں بے گناہ مسافروں کے بہیمانہ قتل پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ فتنہ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ “پاکستانی شناخت پر معصوموں کا قتل ناقابلِ معافی جرم ہے، اور اس کا جواب سخت ہوگا۔” انہوں نے دہشتگردوں کو “بزدل درندے” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انسانیت کو شرمندہ کر دیا ہے۔ سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ “بلوچستان کی مٹی میں بہنے والا بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔”

دہشتگردی کے خلاف ریاستی جنگ کا اعلان

سرفراز بگٹی نے کہا کہ “ریاست ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی”۔ ان کے مطابق ریاستی ادارے دہشتگردی کے ہر منصوبے کو طاقت، عزم اور قومی اتحاد سے کچلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “بلوچستان دشمنوں کے لیے قبرستان بنے گا، اور فتنہ الہندوستان کے پروردہ تمام دہشتگرد نیٹ ورک تباہ کر دیے جائیں گے۔”

فیصلہ کن کارروائی کی نوید

وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں اس سانحے کو “ریاستی جنگ” قرار دیا اور کہا کہ اس میں اب دوٹوک فیصلہ ہوگا۔ “ہم پاکستانی عوام کے زخموں کا بدلہ لیں گے، اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرکے ہی دم لیں گے۔”

سرفراز بگٹی کا یہ واضح پیغام اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست اور حکومت دہشتگردوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی اختیار نہیں کرے گی، اور ہر قیمت پر امن اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Comments are closed.