ڈی جی آئی ایس پی آر کا مظفرآباد کا دورہ، کشمیری عوام کا والہانہ خیر مقدم

مظفرآباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے مظفر آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کی سول سوسائٹی کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ اس نشست میں کشمیر اور پاکستان کے تاریخی تعلق، بھارتی جارحیت اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر اور کشمیری سول سوسائٹی کے مابین سوال و جواب کا ایک جامع سیشن بھی منعقد ہوا جس میں مقامی رہنماؤں، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر حاضرین نے واضح کیا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا”۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی۔

کشمیری عوام نے پاک فوج کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کو کشمیری ثقافتی لباس پیش کیا۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم لہرا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران نعرے لگائے گئے: “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے، آج بھی پاکستان کے ساتھ ہیں”۔ کشمیری سول سوسائٹی نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر ہمیشہ پاکستان کا حصہ رہے گا۔

Comments are closed.