اسلام ایک پرامن دین ہے جو دنیا بھر میں بھائی چارے، رواداری اور انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف اسلامی اسکالر مولانس محمد عبدالخبیر آزاد نے اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقدہ ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس کانفرنس کا مقصد دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا، مذہبی منافرت اور شدت پسندی کے خلاف مؤثر پیغام دینا تھا۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا ایک گہری زیادتی ہے، کیونکہ اسلام نے ہمیشہ امن، انصاف، محبت اور برداشت کی تعلیم دی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام مذاہب کو ایک دوسرے کے عقائد اور عبادات کا احترام کرنا چاہیے تاکہ دنیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔
کانفرنس میں اسپین کے مقامی حکومتی نمائندگان، سفارت کار، مختلف مذاہب کے رہنما، انسانی حقوق کے کارکنان، اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا جمیل اعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مسلمانوں کے خلاف جاری نفرت انگیز پروپیگنڈہ مہمات کو بند کیا جائے اور پاکستان جیسے پرامن ملک کی قربانیوں کا اعتراف کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد امن، اخوت اور عدل پر رکھی گئی ہے اور وہاں بسنے والے تمام افراد کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام، حکومت اور عوام سب کو مل کر ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں ہر مذہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔
کانفرنس کے کامیاب انعقاد میں پاکستانی قونصل خانہ بارسلونا کا خصوصی تعاون شامل رہا، جنہوں نے اس اہم ایونٹ کے لیے راہ ہموار کی۔ کانفرنس کے اختتام پر محمد عبدالخبیر آزاد تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔کانفرنس کا انعقاد معروف سماجی و سیاسی شخصیات سید الذولقرنین شاہ اور چوہدری امانت حسین مہر کی جانب سے کیاگیاتھا۔
Comments are closed.