ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ک ہے کہ مٹھی بھر دہشت گرد نہ بلوچستان اور نہ ہی پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا راستہ روک سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے دورے کے دوران کیا، جہاں طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایک خصوصی لیکچر دیا اور طلبہ کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی۔
آپریشن بنيَانٌ مَّرْصُوصٌ: قومی عزم کی روشن مثال
تقریب کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن “بنيَانٌ مَّرْصُوصٌ” کی حکمت عملی، پیش رفت اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن افواجِ پاکستان کے عزم، قومی اتحاد اور عوامی حمایت کی ایک واضح علامت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف اس منظم آپریشن نے دشمن قوتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
طلبہ و طالبات نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے جذبہ حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
نوجوان نسل: قومی دفاع کا ہراول دستہ
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کامیابیوں میں نوجوانوں کا کردار ہمیشہ فیصلہ کن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام مذہب، ثقافت، تاریخ اور روایات کے اٹوٹ رشتے میں پاکستان سے جُڑے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا”۔
تقریب کے اختتام پر طلبہ، طالبات اور فیکلٹی ممبران نے سیشن کو معلوماتی اور حوصلہ افزا قرار دیا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی شعور بیدار کرنے والے ایسے پروگرامز کا تسلسل جاری رہنا چاہیے۔
طلبہ نے بھی مستقبل میں ایسے مزید پروگرامز کی خواہش کا اظہار کیا۔
Comments are closed.