“فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے” – محسن نقوی

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ہے اور بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری سکیورٹی آپریشنز، صوبائی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور اس میں حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس جنگ میں وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت انجام تک پہنچایا جائے گا۔ “دہشتگردوں کو اب چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی”، انہوں نے کہا۔

وزیر داخلہ نے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سرگرم عمل ہیں، اور تخریبی و دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ “یہ جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، اور ہم ہر قیمت پر امن قائم کریں گے”، وزیراعلیٰ نے کہا۔

اجلاس میں آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی نارتھ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی جی لیویز، محکمہ داخلہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Comments are closed.