کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر) کا 77واں یومِ شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا

راولپنڈی/گوجر خان: پاک فوج کے عظیم سپوت اور نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پہلے شہید کیپٹن محمد سرور شہید کا 77واں یومِ شہادت آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں تقریبات، دعائیہ مجالس اور یادگاری تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں ان کی بے مثال قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

گوجر خان میں واقع کیپٹن سرور شہید کے مزار پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں میجر جنرل عاکف اقبال نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جہاں علمائے کرام نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948 کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران تلپترہ سیکٹر میں دشمن کے خلاف بے مثال دلیری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی عظیم قربانی نے انہیں تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کیپٹن سرور شہید کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کی بہادری، عزم اور مادرِ وطن سے وفاداری نئی نسل کے دلوں میں وطن سے محبت کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔
مزید کہا گیا کہ “وطن عزیز کے لیے جان قربان کر دینا پاک فوج کا طرۂ امتیاز ہے” اور کیپٹن سرور شہید کی شہادت ہماری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ عسکری قیادت نے بھی کیپٹن سرور شہید کو ان کی جرأت، حب الوطنی اور عظیم قربانی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

Comments are closed.