پی آئی اے کا اربعین کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان، پروازیں 8 اگست سے روانہ ہوں گی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے رواں برس اربعین کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔ اس آپریشن کے تحت 8 اگست سے 11 اگست تک پاکستان سے عراقی شہر نجف کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ واپسی کی پروازیں 18 اگست سے 23 اگست کے درمیان نجف سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، اربعین فلائٹ آپریشن کے لیے فی مسافر کرایہ 675 امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔ پی آئی اے کی یہ کوشش ہے کہ زائرین کو براہ راست اور محفوظ فضائی سفر کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اربعین کے مقدس ایام میں آسانی سے شرکت کر سکیں۔

ادھر زائرین کی جانب سے پی آئی اے سے کرایہ کم کرنے اور مزید اضافی پروازیں چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس مقدس سفر میں شریک ہو سکیں۔ ذرائع کے مطابق، ہر سال پاکستان سے لاکھوں زائرین ایران کے زمینی راستے نجف و کربلا کا رخ کرتے ہیں، تاہم فضائی راستے کے ذریعے سفر کرنے والوں کی تعداد بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے اربعین کے موقع پر خصوصی فلائٹس کا یہ اقدام نہ صرف عقیدت مندوں کے سفر کو سہولت بخش بنائے گا بلکہ پاکستان اور عراق کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ہوگا۔

Comments are closed.