ڈیجیٹل میڈیا جنگ کا بہترین ہتھیار بن چکا ہے: بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دورِ جدید میں ڈیجیٹل میڈیا جنگ کا سب سے مؤثر ہتھیار بن چکا ہے، اور پاکستان نے بھارتی جارحیت کے دوران اس محاذ پر بہترین دفاع کیا۔

وہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں فیڈرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔

پاکستانی میڈیا کا قابلِ فخر کردار

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے دوران عالمی سطح پر پاکستان اور بھارت کے میڈیا آمنے سامنے تھے، اس وقت پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری اور قومی وقار کے ساتھ مؤثر کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی پروپیگنڈا کے جواب میں پاکستانی میڈیا نے سچائی اور حب الوطنی کے ساتھ مؤقف پیش کیا، اور یہ ثابت کر دیا کہ میڈیا جنگ کا محض ترجمان نہیں، ایک مؤثر محاذ بھی ہو سکتا ہے۔

ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت اور آزادیِ صحافت

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ جنگ سے قبل حکومت نے ڈیجیٹل میڈیا پر پابندیاں عائد کی ہوئی تھیں، مگر جنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ ڈیجیٹل میڈیا ایک بہترین دفاعی ہتھیار ہے، جسے مؤثر انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ آزادیِ اظہار پر یقین رکھتی ہے، اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف یو جے نے آزادیِ صحافت کے لیے تاریخی جدوجہد کی، اور شہید بے نظیر بھٹو اس جدوجہد میں صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔ انہوں نے تحریک بحالی جمہوریت (MRD) میں صحافیوں کے کردار کو بھی سراہا۔

سیلاب متاثرین کے لیے اقدامات

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت 2.1 لاکھ گھر سیلاب متاثرین کے لیے بنا رہی ہے، جن میں مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اسے خواتین کی خودمختاری کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا۔

Comments are closed.