ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دو روزہ دورۂ پاکستان، لاہور میں پرتپاک استقبال، اسلام آباد میں ملاقاتوں کا شیڈول

ایران کے صدر مسعود پزشکیان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کا خصوصی طیارہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ بچوں نے ایرانی صدر کو گلدستے پیش کیے، جس پر انہوں نے شفقت کا اظہار کیا اور اس والہانہ استقبال پر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔

استقبال کے لیے ایئرپورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا، اور ریڈ کارپٹ بچھایا گیا۔ ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

ایرانی صدر نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی، پھول چڑھائے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صوبائی وزرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مزارِ اقبال پر حاضری کے بعد ایرانی صدر اسلام آباد روانہ ہو گئے، جہاں وہ نور خان ایئربیس پر پہنچے۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے مہمان صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیر اعظم کی جانب سے آج ایرانی صدر کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی صدر کی صدر پاکستان ڈاکٹر آصف علی زرداری اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اہم ملاقاتیں بھی آج شام شیڈول ہیں۔

یہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے، جس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

Comments are closed.