نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے خوشخبری سنا دی ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
فی یونٹ میں 1.88 روپے کمی
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 1 روپے 88 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ یہ کمی اپریل تا جون 2025 کی سہ ماہی فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
ریلیف کا اطلاق اگست تا اکتوبر
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں کمی اگست تا اکتوبر 2025 کے تین ماہ کیلئے نافذ العمل ہوگی۔ اس فیصلے سے صارفین کو مجموعی طور پر 55 ارب 87 کروڑ 40 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔
کون مستفید ہوگا؟
فیصلے کے مطابق اس کمی کا اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر ہوگا، تاہم لائف لائن اور پری پیڈ میٹر استعمال کرنے والے صارفین اس ریلیف سے مستفید نہیں ہوں گے۔
فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ مختلف بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا سے بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر 4 اگست کو سماعت ہوئی۔ اب نیپرا نے فیصلہ جاری کر کے اسے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے تاکہ نوٹیفکیشن کے بعد قیمتوں میں کمی کا باضابطہ اطلاق ہو سکے۔
Comments are closed.