پاکستان میں ہر سال 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اُس تاریخی خطاب کی یاد دہانی ہے جس میں انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر کسی شہری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ ہر شہری کو بلا تفریق مذہب، زبان یا نسل کے برابر حقوق حاصل ہیں، اور ہر فرد کو آزادی کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ہے۔
ملک کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار
پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ بات اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں فیصلے مذہبی، لسانی یا صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر کیے جاتے ہیں۔ صنعت، تعلیم، طب اور دیگر شعبوں میں اقلیتی برادری کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
دفاعِ وطن میں اقلیتی برادری کی شمولیت
پاکستان کی مسلح افواج میں بھی بڑی تعداد میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے جوان اور افسران ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دفاعِ وطن کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ یہ شمولیت اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ وطن کے دفاع میں تمام شہری برابر ہیں۔
اقلیتی برادری کا مؤقف
ملک بھر میں اقلیتی برادری کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ہر مذہب اپنے ماننے والوں کو وطن سے محبت اور وفاداری کی تلقین کرتا ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی، اپنے عقائد پر عمل کرنے کا حق اور معاشرتی مساوات حاصل ہے۔
حکومتی اقدامات اور مستقبل کا عزم
حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے چلا رہی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔ ملک میں بسنے والی تمام اقلیتیں مستقبل میں بھی پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔
Comments are closed.