امریکا کا بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینا پاکستان کی جیت ہے:طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ امریکا نے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف تسلیم کیا ہے، جو کہ ہماری کامیاب سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا۔

بھارت کی پراکسیز اور دہشتگردی کی پشت پناہی

طلال چودھری نے الزام عائد کیا کہ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ بھارت کی پراکسیز ہیں اور “فتنہ الہندوستان” کے اسپانسرز بھی جلد دہشتگردوں کی فہرست میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد تنظیم پر پابندی دراصل پاکستان کی جیت ہے اور دنیا میں پاکستان کا بیانیہ مضبوط ہوا ہے۔

عالمی سطح پر پاکستان کا بیانیہ تسلیم

انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف امریکا، یورپ سمیت دنیا بھر میں تسلیم کیا جارہا ہے۔ بھارت دہشتگرد گروپوں کی فنڈنگ اور ٹریننگ کرتا ہے جبکہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑ رہا ہے۔ اس جنگ میں فوجی جوانوں اور عام شہریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔

دہشتگردوں کے ہتھکنڈے اور امریکی فیصلے کے اثرات

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگرد ڈالرز کمانے کے لیے مدارس اور اسکولوں پر حملے کرتے تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی فیصلہ پاکستان کو دہشتگردوں کے خلاف لڑائی میں مزید تقویت دے گا، اور پاکستان جتنا مضبوط ہوگا، دنیا اتنی ہی محفوظ ہوگی۔

Comments are closed.