لاہور، جو حضرت علی بن عثمان ہجویریؒ المعروف داتا صاحبؒ کی نسبت سے داتا کی نگری کہلاتا ہے، میں ان کے 982 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ حضرت داتا گنج بخشؒ تقریباً ایک ہزار سال قبل افغانستان سے لاہور تشریف لائے اور بھاٹی دروازے کے قریب قیام فرمایا۔ اپنے اخلاق، حُسنِ کردار اور تبلیغ کے ذریعے بے شمار غیر مسلموں کو اسلام کی طرف راغب کیا۔ ان کی شہرۂ آفاق تصنیف “کشف المحجوب” آج بھی تصوف کے موضوع پر مستند حوالہ مانی جاتی ہے۔
عرس کی سرگرمیاں اور زائرین کا جوش
ملک بھر سے زائرین لاہور پہنچ رہے ہیں، جبکہ تقریبات 13 سے 15 اگست تک جاری رہیں گی۔ عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور سماع کی محفلیں عروج پر ہوں گی۔ زائرین کے لیے خصوصی لنگر کا انتظام مکمل ہے، دودھ کی سبیلیں لگائی جا رہی ہیں اور مٹھائیوں و دیگر اشیاء کی دکانیں سجی ہوئی ہیں، جس سے شہر کا روحانی ماحول مزید رنگین ہو گیا ہے۔
سکیورٹی پلان اور انتظامات
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دربار کے اطراف کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔ داتا دربار جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیے گئے ہیں، جبکہ ٹاؤن ہال، بلال گنج اور کربلا گامے شاہ کے اطراف کے راستوں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ تاہم، موٹر سائیکل سواروں اور پیدل افراد کے لیے مخصوص راستے موجود ہیں۔
پنجاب حکومت کا عام تعطیل کا اعلان
پنجاب حکومت نے عرس کے موقع پر 15 اگست کو لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ایم سی ایل، ایل ڈی اے، ٹیپا، واسا، پی ایچ اے، والڈ سٹی، روڈا اور ایل ڈبلیو ایم سی زونز میں تعطیل ہو گی، تاہم سول سیکرٹریٹ اور ماتحت ادارے کھلے رہیں گے۔ جمعہ کی تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
Comments are closed.