شہباز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات،دفتر خارجہ نے تمام خبروں کی تردید

دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ چین میں وزیر اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان کسی ملاقات کا کوئی امکان یا شیڈول طے نہیں ہے۔ ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان وزارت خارجہ شفقت علی خان نے اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے گہرے تعلقات کسی بھی بیرونی اثر سے متاثر نہیں ہو سکتے۔

اسحاق ڈار کا دورہ بنگلا دیش
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلا دیش کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اس دورے میں انسداد دہشت گردی اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے سمیت کئی اہم امور پر بات ہوگی، جس کے مثبت اثرات پورے خطے میں ظاہر ہوں گے۔

نام نہاد گریٹر اسرائیل منصوبے کی مذمت
دفتر خارجہ نے نام نہاد گریٹر اسرائیل منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے اس بات کا خیرمقدم کیا کہ کالعدم بی ایل اے کے مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے، جو بلوچستان میں کئی حملوں میں ملوث رہا ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا دورہ پاکستان
ترجمان نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کا دو روزہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل ہوا۔ اس دوران وانگ ای نے وزیر اعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ اسلام آباد میں چھٹا پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ بھی منعقد ہوا، جس میں سی پیک فیز ٹو، تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون پر تفصیلی اتفاق کیا گیا۔

افغانستان اور خطے کی صورتحال پر بات چیت
پاکستان اور چین نے افغانستان، مشرق وسطیٰ اور دہشت گردی کے خطرات پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ کابل میں سہ فریقی اجلاس بھی ہوا، جس میں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی تعاون پر بات ہوئی اور سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر غور کیا گیا۔ سرحدی سلامتی، منشیات، اسمگلنگ اور منظم جرائم کے خاتمے پر بھی اتفاق ہوا۔

کشمیر اور دفاعی تعاون پر بات چیت
پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر چین کو آگاہ کیا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت پر چین کی حمایت کو سراہا۔ اس موقع پر دفاعی تعاون، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں پر بھی اتفاق رائے ہوا۔

پاک چین دوستی کا کردار
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔ وانگ ای کا دورہ دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔

اسحاق ڈار کا دورہ برطانیہ
ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے 17 اگست سے برطانیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے برطانوی سیکرٹری برائے جنوبی ایشیا ہمیش فالکنر سے ملاقات کی اور لینڈ ریکارڈ و پاسپورٹ سے متعلق دو نئی خدمات کا افتتاح کیا۔

بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنے پر احتجاج
ترجمان نے بھارتی رویے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارت کاروں کے ساتھ باعزت سلوک پر یقین رکھتا ہے اور بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کرنا ناقابل قبول ہے۔

Comments are closed.