دریائے ستلج میں پانی کی سطح بلند، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن سمیت متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال

بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولنگر اور دیگر اضلاع میں سیلابی کیفیت پیدا ہو گئی۔ فلڈ وارننگ سینٹر کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث دریا کے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

قصور کی صورتحال
قصور کے ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کی سطح 21.30 فٹ اور بہاؤ ایک لاکھ 30 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق اگر پانی مزید بڑھا تو اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے، جس سے 72 دیہات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ہزاروں ایکڑ زرعی زمین زیر آب آ گئی ہے جبکہ 30 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں مساجد کے ذریعے اعلانات کرائے جا رہے ہیں اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔

بہاولنگر میں حادثہ اور نقصانات
بہاولنگر میں بونگہ احسان کے قریب ایک نوجوان دریا میں گر کر ڈوب گیا، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ موضع سنتیکا، عاکوکا اور بھوریکا کے مقام پر چھوٹے حفاظتی بند ٹوٹ گئے، جس سے پانی فصلوں میں داخل ہو گیا اور کئی دیہات زیر آب آ گئے۔ متاثرہ علاقوں سے مکینوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے۔

عارف والا اور منچن آباد
عارف والا میں ضلعی انتظامیہ نے درمیانے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے اور مقامی افراد کو مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ منچن آباد میں بابا فرید پل کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ سیلابی خطرے کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے اور متاثرین کے لیے 6 ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔

پنجاب میں بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں آج سے مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل شروع ہو رہا ہے جو 27 اگست تک جاری رہے گا۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، بھکر اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہائی الرٹ ہدایت
ڈی جی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 29 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر دریائے ستلج کے اطراف کے اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

Comments are closed.