آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران پیش آنے والے حادثات اور تباہ کاریوں کی تفصیلی رپورٹ ایس ڈی ایم اے نے جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
گھروں اور املاک کو شدید نقصان
ایس ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 290 گھروں کو مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 1668 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ متعدد خاندان بے گھر ہو گئے ہیں اور متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
پلوں، سڑکوں اور تعلیمی اداروں کی تباہی
رپورٹ کے مطابق بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے 33 پل مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے، جبکہ 232 کلومیٹر طویل رابطہ سڑکیں بھی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے متاثر ہوئیں۔ اس کے علاوہ 79 چھوٹے پل اور 169 اسکول بھی تباہ ہوئے، جس سے تعلیمی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
مویشی اور ذرائع آمدورفت متاثر
ایس ڈی ایم اے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اور حادثات کے نتیجے میں 235 مویشی ہلاک ہوئے جبکہ 17 پن چکیاں (گراٹ) ندی نالوں میں بہہ گئیں۔ وادی نیلم سمیت مختلف علاقوں میں 15 گاڑیاں بھی پانی کے ریلوں میں بہہ گئیں، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موسم کی صورتحال
ادھر آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ جزوی ابر آلود موسم اور بارش کے بعد گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام تاحال جاری ہیں۔
Comments are closed.