بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گرد جہنم واصل

سکیورٹی فورسز نے 7 سے 9 اگست کے دوران بلوچستان کے علاقے سمبازا میں ایک بڑے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے اور بارڈر کراس کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران مارے جانے والے زیادہ تر دہشت گرد افغان باشندے تھے، جن کی لاشیں بارڈر کے قریب افغانستان کی جانب گریں۔

دہشت گردوں کی لاشوں کی حالت

ذرائع کے مطابق یہ لاشیں تقریباً پندرہ دن تک بارڈر کے قریب کھلے آسمان تلے پڑی رہیں اور افغانستان کی جانب سے کوئی بھی انہیں اٹھانے نہ آیا۔ اس دوران لاشیں گلتی سڑتی رہیں اور جنگلی جانور اور پرندے ان پر جھپٹتے رہے۔ بعد ازاں 25 اگست کو افغان حکام کے ساتھ بارڈر پر جرگے کے بعد ان لاشوں کو گدھوں پر لاد کر افغانستان منتقل کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ فتنہ الخوارج کی اس تشکیل کو کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کرنے سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا۔

اس کامیاب آپریشن سے نہ صرف بڑے پیمانے پر ممکنہ دہشت گردی روکی گئی بلکہ سرحدی سلامتی کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا۔

Comments are closed.